Friday, April 19, 2024

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف ارکان سینیٹ کا شدیداحتجاج،مذمتی قرارداد مںظور

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف ارکان سینیٹ کا شدیداحتجاج،مذمتی قرارداد مںظور
March 10, 2017
  اسلام آباد(92نیوز)سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیخلاف ارکان سینیٹ کا شدیداحتجاج۔ مذمتی قرارداد منظور۔ شیطانی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ۔ اعتزاز احسن کہتےہیں کہ شیطانی حرکتیں کرنے والوں کے ہاتھوں یر غمال نہیں ہو سکتے۔ سینیٹر سراج الحق کا کہناتھا کہ حکومت ریاست اور عدالت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی لوگ قانون کو ہاتھ میں لینے پر مجبور ہیں۔۔ تفصیلات کےمطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیرصدارت ہوا۔ سوشل میڈیا پرتوہین آمیزاور گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف سینیٹر کامل علی آغا نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیاگیا۔ پی پی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ شیطانی حرکتیں کرنے والوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہو سکتے۔ ایوان بالا  قوم کی رہنمائی کرے جلوس اور ویب سائٹ کی بندش اس معاملے کا حل نہیں،ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اسلام مخالف جو طوفان بدتمیزی بپا ہے ذمہ دار اداروں کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ سینیٹر نہال ہاشمی کا کہناتھا کہ توہین مذہب کو ملک میں نام نہاد طبقہ سپورٹ کر رہا ہے۔ سول سوسائٹی اور موم بتی گروپ اس طرح کے اقدامات کو سپورٹ کرتے ہیں جہاں فوجی عدالتوں میں توسیع ہو رہی ہے وہاں ایسے طبقہ کیلئے بھی اقدام اٹھانا چاہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں کے پاس مکمل صلاحیت ہے کہ کون کہاں سے سوشل میڈیا پر کیا فیڈ کر رہا ہے۔اسلام مخالف مواد پاکستان کے خلاف سازش ہے۔سینیٹر سراج الحق کا کہناتھا کہ حکومت ریاست اور عدالت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی ہیں۔لوگ قانون کو ہاتھ میں لینے پر مجبور ہیں۔ پنجاب میں کرسچین کمیونٹی کے گھروں کو نذر آتش کا معاملہ پر وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب حکومت مسیحی برادری کو نذر آتش گھروں سے متعلق مقدمات کی خود پیروی کرے گی۔ سینیٹ کا اجلاس  پیر سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔