Sunday, May 5, 2024

سوشل میڈیا پر پٹرول پرائس، پچیس،مافیا ٹاپ ٹرینڈز میں شامل

سوشل میڈیا پر پٹرول پرائس، پچیس،مافیا ٹاپ ٹرینڈز میں شامل
June 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پٹرول نے سنچری سکور کرلی، پٹرولیم مصنوعات میں اچانک اور ریکارڈ اضافے پر پوری قوم شاک ہوگئی، سوشل میڈیا پر حکومتی عہدیداران  نے وضاحت پیش کی تو انہیں بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔

معاون خصوصی شہباز گل نے قیمتوں میں اضافے کی توجیح پیش کرنے کیلئے ٹویٹس کیں، لکھا کہ پچھلے چھیالیس دنوں میں عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتوں میں ایک سو بارہ فیصد اضافہ ہوا، جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا، اس کے ساتھ ہی انھوں نے پٹرول اور ڈیزل کی دیگر ممالک سے موازنہ بھی پیش کیا۔

شہباز گل کی ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین سیخ پا ہوگئے، تبسم پرویز نامی صارف نے لکھا کہ شہباز گل بیوقوفانہ منطق پیش نہ کریں اس کا ہر چیز پر گہرا اثر ہوگا، جس کا سامنا غریب کرے گا نہ کہ آپ۔

شیخ سلمان نے لکھا شہباز گل صاحب بس کردیں، ہم غلط کی طرفداری نہیں کریں گے چاہے عمران خان کیوں نہ ہو، عشر خان سمیت دیگر صارفین نے بھی کچھ ایسے خیالات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب جب قیمتوں کے اضافے کیلئے بولے تو انہیں بھی خوب آڑے ہاتھوں لیا گیا، کچھ نے عمران خان کی حمایت ختم کرنے کا اعلان کیا، سجاد خان نے عمر ایوب کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے چین اور بنگلادیش میں عام آدمی کی سالانہ آمدن پیش کی۔

سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کا ٹرینڈ بھی زور پکڑ رہا ہے، صارفین پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا الزام عائد کرکےان کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب صارفین وزیراعظم عمران خان سے بھی جواب طلبی کررہے ہیں، جس میں ان کی ماضی میں اس وقت کی حکومتوں کے خلاف کی گئی ٹویٹس کو بھی شیئر کیا گیا ہے۔