Friday, April 26, 2024

سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی گستاخی کے معاملے کی سماعت، جسٹس شوکت عزیز صدیقی دوران سماعت پھر آبدیدہ ہوگئے

سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی گستاخی کے معاملے کی سماعت، جسٹس شوکت عزیز صدیقی دوران سماعت پھر آبدیدہ ہوگئے
March 9, 2017
  اسلام آباد(92نیوز)سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی گستاخی کا سلسلہ نہ رکا تو وزیراعظم کو طلب کرینگے اسلام آباد ہائیکورٹ نے عندیہ دیدیا ۔عدالت نےتمام گستاخانہ پیج بند کرنے کا حکم بھی دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی دوران سماعت پھر آبدیدہ ہو گئے۔کہتے ہیں اب تو فیملی کے ساتھ بیٹھ کر ٹی وی بھی نہیں دیکھا جاسکتا۔ تفصیلات کےمطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی گستاخی کے معاملے کی سماعت ہوئی جسٹس شوکت عزیز صدیقی دوران سماعت پھر آبدیدہ ہوگئے ۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اس مقدمے سے بڑھ کر کوئی مقدمہ نہیں ہوسکتا تمام میٹریل وزیراعظم کو بھیجا جائےکیس پر عملدرآمد نہ ہوا تو وزیرعظم کو بھی عدالت طلب کرینگے۔ ان کاکہنا تھا کہ وہ کوئی حکم نہیں دینگے صرف منت کرینگے کہ اس کا کوئی نہ کوئی حل نکال لیں۔ انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ معاملے کی خود نگرانی کریں۔ عدالت نے سیکرٹری اطلاعات سے استفسار کیا کہ آپ کو اس معاملے کی حساسیت کا علم نہیں؟؟سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ وزیرداخلہ کو تمام معاملات سے آگاہ کردیا ہے۔ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہےایف آئی اے نے اپنے سائبر کرائم ونگ کو معاملے کی تحقیقات کےلئے خصوصی ٹاسک بھی دے دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا پر اشتہارات ایسے چلتے ہیں جو فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہیں دیکھے جاسکتے۔عدالت نے اشتہارات کا معاملہ دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر گستاخی کے معاملہ کا مقدمہ تھانہ رمنا میں ایس ایچ او ارشاد ابڑو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔