Sunday, September 8, 2024

سوشل میڈیا پر انجانے لوگوں سے دوستی ... انجام بھیانک ہو سکتا ہے

سوشل میڈیا پر انجانے لوگوں سے دوستی ... انجام بھیانک ہو سکتا ہے
January 10, 2016
لاہور (92نیوز) فیس بک پر لڑکیوں سے ہی نہیں انجانے لوگوں سے دوستیاں کرنے میں بھی محتاط رہیں۔ نوجوان کی دبئی میں مقیم ایک شخص سے فیس بک پر دوستی ہوئی تو اس نے ملازمت کا جھانسہ دے کر اسے دبئی بلوا لیا۔ نوجوان دبئی پہنچا تو اسے اوباش نے زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم رانا قیصر ندیم کی لاہور کے رہائشی بیس سالہ لڑکے سے فیس بک پر دوستی ہوئی۔ رانا قیصر ندیم نے لڑکے کو نوکری کا جھانسہ دے کر دبئی بلوایا اور اپنے دوست عمران جاوید چودھری کے ساتھ مل کر اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ ایک ہفتے بعد زیادتی کرنے والا اوباش رانا قیصر ندیم متاثرہ لڑکے کو پاکستان چھوڑ گیا۔ متاثرہ لڑکے کو حالت خراب ہونے پر اسپتال داخل کرا دیا گیا جبکہ تھانہ سبزہ زار میں مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست بھی دے دی گئی۔ عدالت کے ذریعے میڈیکل کروایا گیا جس میں زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ متاثرہ لڑکے کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تاہم پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے لیے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکے کو مکمل انصاف فراہم کرینگے۔ یہ جرم سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک ہوا ہے اس لیے قانونی رائے لینے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ متاثرہ لڑکے کا کہنا ہے کہ زیادتی کرنے والے بااثر افراد اسے اور اس کے والدین کو قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں اس لیے اسے انصاف فراہم کیا جائے۔