Saturday, April 20, 2024

سوریا نمسکار مسلم مذہبی عقیدے کے منافی، مسلمان صرف اللہ کے سامنے سجدہ کرتے ہیں: آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ

سوریا نمسکار مسلم مذہبی عقیدے کے منافی، مسلمان صرف اللہ کے سامنے سجدہ کرتے ہیں: آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ
June 8, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ نے مودی سرکار کی طرف سے سکولوں میں سوریا نمسکار اور یوگا کو لازمی قرار دینے کیخلاف ملک بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارت کی مودی سرکار نے 21جون کو یوگا کے عالمی دن کے موقع پر سکولوں میں سوریا نمسکار کہنے اور یوگا کو لازم قراردینے کا منصوبہ بنایا ہے لیکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ نے اس کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے بورڈ کی مجلس عاملہ نے نمسکار کو اسلام کے خلاف قراردیتے ہوئے اس کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کی مجلس عاملہ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا ہے کہ ہندو حکومت کے منصوبے کیخلاف تحریک کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مولانا ولی رحمانی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ بورڈ کے ایک رکن کمال فاروقی نے کہا کہ سورج کو سلام کرنا خلاف اسلام ہے اور یہ کہ مسلمان صرف اللہ کے سامنے سجدہ کرتے ہیں۔ اس لئے سکولوں میں سوریا نمسکار لازم قرارنہیں دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا بورڈ کے پاس حکومتی منصوبے کیخلاف عدالت میں جانے یا تحریک چلانے کے آپشن موجود ہیں۔ بورڈ کا اجلاس دارالعلوم ندوةالعلما میں ہوا جس میں حکومتی منصوبے کیخلاف دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے تعاون کے حصول پر بھی بات کی گئی۔