Monday, May 6, 2024

سورن سنگھ قتل کا ڈراپ سین‘ پی ٹی آئی عہدیدار نے ٹکٹ نہ ملنے پر قتل کرایا

سورن سنگھ قتل کا ڈراپ سین‘ پی ٹی آئی عہدیدار نے ٹکٹ نہ ملنے پر قتل کرایا
April 25, 2016
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے مشیر اور تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سردار سورن سنگھ کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔ قتل کی واردات سیاسی رنجش کا شاخسانہ نکلی۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ نے کہا ہے کہ اقلیتی رکن کو کالعدم تنظیم نے نہیں مارا۔ سیاسی مخالف نے اجرتی قاتلوں کو دس لاکھ روپے دے کر قتل کروایا۔ چھ ملزمان گرفتارکرلئے گئے۔ آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اقلیتی امور سردارسورن سنگھ کے بونیرمیں قتل کا مالاکنڈ پولیس نے تین دن میں ہی سراغ لگایا اور واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ پولیس کے مطابق قتل کی واردات سیاسی مخالفت کا شاخسانہ ہے۔ ملزم بلدیوکمار نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے باعث سورن سنگھ کو راستے سے ہٹانے کےلئے قتل کی منصوبہ بندی کی اورقتل کےلئے اجرتی قاتلوں کو دس لاکھ روپے دیے گئے۔ پولیس نے واردات کے بعد سرچ آپریشن کے دوران بونیر سے باروز نامی ملزم پکڑا جس نے تفتیش کے دوران ملزمان کے نام اگل دیے جس پرسوات سے پی ٹی آئی کے رہنما بلدیو کمار، شانگلہ سے کونسلرعالم خان، صوابی سے مبینہ اجرتی قاتل اکبر علی، مخیتارمحمد اور بونیرسے سیدجان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورموٹرسائیکل بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔