Sunday, May 5, 2024

سوالوں کی سیاست عروج پر‘ نون لیگ بھی اپوزیشن کیلئے سوال لے آئی

سوالوں کی سیاست عروج پر‘ نون لیگ بھی اپوزیشن کیلئے سوال لے آئی
May 12, 2016

اسلام آباد (92نیوز) ن لیگ نے وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں آمد سے قبل اپوزیشن کے لئے ایک اور سوالنامہ جاری کر دیا۔ حکومتی ارکان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنی خواہش کو سوالوں کا روپ دے دیا ہے۔ ڈیڑھ سو آف شورکمپنیوں والے دو کمپنیوں والوں سے سوال پوچھ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنماوں نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آف شور کمپنی رکھنا غیر قانونی نہیں۔ وزیراعظم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے۔ اپوزیشن جان بوجھ کر معاملات الجھا رہی ہے۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ چند لوگوں نے اپنی خواہش کو سوالوں کا روپ دیا ہے۔ دانیال عزیز نے اپوزیشن کے سامنے سات سوال رکھ دیے۔

پہلا سوال : کیا وزیراعظم نوازشریف کا نام پاناما پیپرز میں ہے؟

دوسرا سوال : اپوزیشن معاف کرائے گئے قرضوں کی تحقیقات سے پیچھے کیوں ہٹی؟

تیسراسوال : اپوزیشن شعیب سڈل، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کے بیان سے کیوں پلٹی؟ اپوزیشن دوبارہ سوالنامے کے ذریعے پارلیمنٹ اور اب نیب کے مطالبے پر کیوں آئی؟

چوتھا سوال : اپوزیشن نے تحقیقات کیلئے 1985ءکی تاریخ کیوں دی؟

پانچواں سوال آف شورکمپنیوں کے مالک جہانگیر ترین، پرویزالہٰی سے پارلیمنٹ میں جواب کیوں نہیں لیاجاتا؟

چھٹا سوا ل : کیا اپوزیشن ابھی تک سپریم کورٹ کی غیرجانبداری پر یقین رکھتی ہے؟

ساتواں سوال : نیب کواب تحقیقات کیلئے کیوں تجویزکیاگیا؟

مسلم لیگ نون کے رہنماوں نے کہا کہ اپوزیشن کے سوالوں کا 70 منٹ میں جامع جواب دے دیا ہے مگر ہمارے سوالوں کا کوئی جواب نہیں ملا۔