Sunday, September 8, 2024

سوال پوچھنے پر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کو پریس کانفرنس سے نکال دیا

سوال پوچھنے پر امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کو پریس کانفرنس سے نکال دیا
August 26, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب سے صحافی کو سوال پوچھنے پر نکال دیا گیا۔ ٹی وی اینکرنے امیگریشن پالیسی پر سوال کیا، سکیورٹی گارڈ نے پکڑ کر باہر کردیا۔ تقریب میں واپس بلانے پر جارج راموس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سوالوں میں ہی الجھائے رکھا۔ امریکی عہدہ صدارت کےلئے نامزدگی کے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریب سے خطاب کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سوال پوچھنے پر ایک ٹی وی اینکر کو باہر نکال دیا گیا۔ لووا میں تقریب سے خطاب کے دوران صحافیوں نے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے سوالات شروع کیے تو ایک ٹی وی چینل کے اینکر جارج راموس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی متنازعہ امیگریشن پالیسی سے متعلق سوال داغ دیا جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے راموس سے کہا کہ سوال پوچھنے کی ان کی باری نہیں ہے اور تین بار راموس کو بیٹھ جانے کےلئے کہا لیکن راموس نے بیٹھنے کے بجائے اپنا سوال دہرایا جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ واپس اپنے ٹی وی چینل چلے جائیں۔ پھر کیا تھا ایک سکیورٹی گارڈ آیا اور اس نے ٹی وی اینکر راموس کو تقریب سے باہر نکال دیا لیکن راموس کا موقف تھا کہ سوال کرنا اس کا حق ہے جس پر اسے تقریب میں واپس بلا لیا گیا۔ پھر راموس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امیگریشن پالیسی سے متعلق سوالوں میں الجھائے رکھا۔