Thursday, April 25, 2024

سوات: پینتیس سال سے لاپتہ شیربہادر گھرپہنچ گیا  

سوات: پینتیس سال سے لاپتہ شیربہادر گھرپہنچ گیا  
March 19, 2017
  سوات (92نیوز)سوات کےعلاقے چارباغ  سے لاپتہ ہونے والا شیر بہادر خان پینتیس سال بعد گھر واپس  پہنچ گیا ۔ شیر بہادر خان اپنی شادی کے ساتویں روز لاپتہ ہو گیا تھا جس کے انتظار میں اُس کی والدہ اور بہن دنیا فانی سے کوچ کر گئیں۔ تفصیلات کےمطابق شیر بہادر خان اپنے نام کی طرح بہادر اتنا کہ شادی کے بعد ساتویں روز ہی لاپتہ ہو گیا شیر بہادر کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا کسی کو کچھ پتہ نہ چل سکا۔  شیر بہادر خان کی والدہ بیٹے کی جدائی کا غم زیادہ دیر برداشت نہ کر پائی اور دنیا سے ہمیشہ کے لئے ناطہ ہی توڑ لیا۔ شیر بہادر خان لاپتہ ہوا اور ایسا لاپتہ ہوا کہ پورے پینتیس برس گزر گئے ۔بیوی کا نکاح بھائی کے ساتھ کر دیا گیا۔ جب پینتیس برس بعد گھر پہنچا تو علاقے بھر کے لوگ مبارک باد دینے پہنچ گئےاور مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں۔ شیر بہادر کہتا ہے کہ لاہور میں ایک مکان میں آگ میں پھنسے لوگوں کو بچاتے ہوئے وہ جھلس گیا اور دماغی توازن کھو بیٹھا۔ شیر بہادر کی  واپسی کی خبر انتظامیہ کو بھی ملی اور اب وہ تحقیقات کے بعد بتائے گی شادی کے ساتویں روز ہی دماغی حالت بگڑ گئی آخر وجہ کیا تھی ۔