Friday, May 10, 2024

سوات میں سیاحوں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا، بڑی تعداد چیک پوسٹ پر پھنس گئی

سوات میں سیاحوں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا، بڑی تعداد چیک پوسٹ پر پھنس گئی
August 4, 2020

سوات ( 92 نیوز) سیاحوں کو سوات  میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، سیاحوں کی بڑی تعداد چیک پوسٹ پر پھنس کر رہ گئی۔

سیاحوں کی بڑی تعداد نے قدرتی حسن سے مالا مال وادی سوات کا رخ کیا تو انہیں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں سوات میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، سیاحوں کی بڑی تعداد چیک پوسٹ پر پھنس کر رہ گئی۔

خیبر پختونخوا حکومت نے سوات میں سیاحوں کی آمد پر پابندی لگائی مگر اس کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد سوات امڈ آئی، سیاح لنڈاکی چیک پوسٹ پہنچے تو وہاں ان کو روک دیا گیا، دور دراز کے علاقوں اور دوسرے صوبوں سے آنے والوں کی خوشیوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب انہیں اہلخانہ سمیت سوات میں داخلے سے روک دیا گیا۔

پولیس کے مطابق سوات میں داخلے پر پابندی کا علم سب کو ہے مگر اس کے باوجود بڑی تعداد میں یہاں آنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیاحتی مقامات پر جانے کی پابندی سوات ہی میں نہیں بلکہ تمام علاقوں میں ہے اس لئے سیاحوں کا یہ کہنا کہ انہیں اس کا علم نہیں درست نہیں، ان کے بقول سیاحوں کو ان حالات میں آنے کی اجازت دینے سے کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو سکتا ہے۔