Monday, September 16, 2024

سوات، خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالے 11 جوانوں کی نماز جنازہ ادا

سوات، خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالے 11 جوانوں کی نماز جنازہ ادا
February 4, 2018

راولپنڈی ( 92 نیوز ) سوات میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 11 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وادی کی فضا دوسرے روز بھی سوگوار رہی ۔

وادی سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ کے کھیل کے میدان میں  خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 11 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

دوسری طرف امن پر دشمنوں کے وار کے باعث وادی سوات کی فضا دوسرے روز بھی سوگوار رہی۔خوف اور غم کے بادل چھٹ نہ سکے ۔ خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والے 13 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔

علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور اہم مقامات کے قریب سکیورٹی فورسز  گشت کر رہی ہیں ،  جبکہ امن دشمنوں کیخلاف سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

دہشتگردوں کے گھناؤنے وار کے باوجود پاک فوج کے دہشتگردی کیخلاف عزم میں کوئی کمی نہیں آسکتی اور ایسے بزدلانہ وار قوم کے سپوتوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔