Saturday, April 27, 2024

سوات اور اپرکوہستان میں سیلابی ریلوں سے تباہی، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 14 ہوگئی

سوات اور اپرکوہستان میں سیلابی ریلوں سے تباہی، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 14 ہوگئی
August 28, 2020
سوات (92 نیوز) طوفانی بارش نے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اپرکوہستان میں تباہی مچادی، اپرکوہستان اور سوات میں سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی۔ اپرکوہستان میں 8 اور سوات میں 6 افراد سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے، 29 گھر مکمل تباہ اور 25 کو جزوی نقصان پہنچا۔ طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا کے ضلع اپرکوہستان اور سوات میں تباہی مچا دی۔ سیلابی ریلے سامنے آنے والی ہر چیز کو بہا کر لے گئے۔ پراونشل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کوہستان میں سازین اور لاچی نالہ میں سیلابی ریلے میں بہہ کر آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ علاقے میں ایک مسجد شہید ہوگئی جبکہ کئی گھروں اور رابطہ پلوں کو نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع سوات کے علاقہ مدین میں شاگرام اور تیرات میں سیلابی ریلے میں بہہ کرچھ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے، شاگرام میں تین مکانات بہہ گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کو باعث 29 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 25 کو جزوی نقصان پہنچا۔ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔