Thursday, March 28, 2024

سوات ،آزادکشمیر،گلگت و مانسہرہ میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع

سوات ،آزادکشمیر،گلگت و مانسہرہ میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع
January 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)  سوات ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور مانسہرہ میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا،برفباری کے باعث متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، وادی سوات کے میدانی علاقوں میں بوندا باندی  جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے  ۔ برفباری اور بوندا باندی سے  سردی  کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ، دوسری طرف سیاحوں نے  موسم سے لطف اندوز ہونےکیلئے  وادی سوات  میں ڈیرے ڈال لئے ۔ نیلم ویلی ، مظفر آباد سمیت تمام علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ دوسری جانب  برفباری کے باعث راستے منقطع ہونے  کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اپر دیر اور گردونواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا  ہے ۔ پہاڑی علاقوں کمراٹ ،لواری ٹاپ عشیری درہ کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری بھی جاری ہے ، دوسری طرف اپر دیر میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے بند ہیں ۔ چینل 92 نیوز پر لوگوں کو درپیش مشکلات کی خبر نشر ہوئی تو انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی جس کے بعد بند رستے کھولنے کا کام شروع کر دیا گیا  ۔ مانسہرہ کے علاقوں ناران ،کاغان اور بٹی کنڈی میں برف باری کا سلسلہ 8 روز سے جاری ہے جس کے باعث  سردی کی شدت میں  بھی اضافہ ہو گیا ہے  ،ناران میں 8 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ گلگت بلتستان میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اب تک سکردو شہر میں تین اور بلائی علاقوں میں چار سے پانچ انچ برف پڑ چکی ہے۔ موسم کا درجہ حرارت منفی 20 جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 25 تک پہنچ گیا ہے۔