Thursday, April 25, 2024

سوئی گیس کی عدم فراہمی سے بیکو لائٹ انڈسٹری بھی بری طرح متاثر

سوئی گیس کی عدم فراہمی سے بیکو لائٹ انڈسٹری بھی بری طرح متاثر
January 2, 2021

سرگودھا(92 نیوز)سرگودھا میں سوئی گیس کی عدم فراہمی نے جہاں گھریلو صارفین کومشکلات میں ڈالا وہیں بیکو لائٹ انڈسٹری بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ ایندھن کے دیگر ذرائع استعمال کرنے سے پیداواری لاگت بڑھی تو اس کاروبار سے منسلک ہزاروں افراد کا روزگار بھی خطرے میں پڑ گیا۔

سرگودھا جو بیکو لائٹ انڈسٹری کی وجہ سے بھی مشہور ہے، ملکی پیداوار کا  80 فیصد الیکٹریکل سامان مثلاً سوئچ، ساکٹ ،بٹن اور وائرز اسی شہر میں تیار ہوتی ہیں، لیکن گیس لوڈ شیڈنگ نے بیکو لائٹ انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ہے، فیکٹری مالکان اس صورت حال سے شدید پریشان ہیں۔

شہر میں بیکو لائٹس کی ایک ہزار سے زائد فیکٹریاں اور گھریلو یونٹس قائم ہیں جہاں 35 سے 40 ہزار افراد اس پیشے سے وابستہ ہیں، گیس کی کمی نے صنعت کا پہیہ روکا تو مزدور طبقے کو روزگار کی فکر لاحق ہو گئی۔

گیس بحران نے بیکو لائٹ انڈسٹری سے جڑے فیکٹری مالکان اورمزدوروں کو مشکل میں ڈال رکھا ہے جبکہ لاگت بڑھنے سے الیکٹریکل سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔