Friday, May 17, 2024

سوئی گیس صارفین پر 105 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

سوئی گیس صارفین پر 105 ارب کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں
March 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مہنگائی کے مارے عوام پر گیس بم گرانے کی تیاریاں، گیس صارفین پر105 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔

سوئی ناردرن اورسوئی سدرن نے گیس 97 فیصد تک مہنگی کرنے کی سفارش کردی۔ گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست آئندہ مالی سال کیلئے کی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق سوئی سدرن نے گیس کی قیمت میں 109 روپے 78 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست دائر کردی ۔سوئی سدرن نے قیمت 778روپے 59 پیسے سے 888 روپے 37 پیسے مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔

سوئی ناردرن کی قیمت میں 857 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی سفارش کی گئی ہے، سوئی ناردرن کی موجودہ قیمت 881 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے، گیس کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت کے بعد قیمت میں اضافے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔