Tuesday, April 16, 2024

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے تمام زیر التواء مقدمات کے فرانزک آڈٹ کا حکم

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے تمام زیر التواء مقدمات کے فرانزک آڈٹ کا حکم
March 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز)سپریم کورٹ نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے تمام زیرالتوا مقدمات کے فرانزک آڈٹ کا حکم دے دیا، عدالت نے سیکرٹری توانائی سے 2 ماہ میں رپورٹ مانگ لی۔

سوئی نادرن گیس ملازمین بحالی کے خلاف کیس کی چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔چیف جسٹس نے ایم ڈی سوئی ناردرن کی قانونی ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی عدم پیروی سے کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، سوئی ناردرن تو وکیلوں کی فیسیں دے دے کر ہی کنگال ہوجائے گی، کیوں نہ قانونی ٹیم کا لائسنس منسوخ کردیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ایم ڈی سوئی ناردرن کی قانونی ٹیم پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  سوئی گیس کمپنی کے 3 وکیل ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہوتے ، سب آپس میں پہلے سے ملے ہوئے ہیں ، سوئی گیس کمپنی کی لیگل ٹیم بیکار ہے۔

ایم ڈی سوئی گیس علی ہمدانی کا کہنا تھا کہ عدالت مجھے کچھ کہنے کی اجازت دےمیری کچھ روز قبل کمپنی میں تعیناتی ہوئی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے 5 منٹ پہلے بھی جوائن کیا ہے تو آپ کی ذمہ داری بنتی ہے، عدالت میں پیش نہ ہونے سے نقصان تو ریاست کا ہوگا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ عوام کا پیسہ بے احتیاطی سے ضائع کیا جا رہا ہے، سوئی ناردرن کی قانونی ٹیم میں پہلے ہی 12 افراد ہیں، لیگل ٹیم کے ہوتے ہوئے بھی 3 وکلاء کو فیسیں دی جا رہی ہیں، کرٹری توانائی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تحقیقات کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کرینگے۔

عدالت نے برطرف میٹر ریڈر کی بحالی کا ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سوئی ناردرن کی اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔