Tuesday, May 21, 2024

سوئی نادرن گیس کمپنی اڑھائی لاکھ گھریلو صارفین کو 45 کروڑ واپس کرے گی

سوئی نادرن گیس کمپنی اڑھائی لاکھ گھریلو صارفین کو 45 کروڑ واپس کرے گی
January 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سوئی نادرن گیس کمپنی اڑھائی لاکھ گھریلو صارفین کو 45 کروڑ روپے واپس کرے گی۔ گیس چوری کے باعث اربوں روپے کا نقصان پورا کرنے کیلئے گھریلو صارفین سے پریشر فیکٹر کی آڑ میں اضافی وصولیاں کی جاتی رہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے 2 فروری 2019 کو گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافے پر انکوائری کا حکم دیا تھا، جس کے بعد گیس کے گھریلو صارفین سے پریشر فیکٹر کی آڑ میں خلاف قانون اضافی بل وصولی کی تحقیقات کا پہلا مرحلہ 11 ماہ بعد بالاخر مکمل ہوگیا۔ صرف گذشتہ موسم سرما میں گھریلو صارفین سے 5 ارب روپے زائد وصول کیے، جبکہ گذشتہ 10 سالوں میں 30 ارب روپے سے زائد رقم وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سوئی نادرن گیس کمپنی کی مینجمنٹ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد اڑھائی لاکھ گھریلو صارفین کو 45 کروڑ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹر کے 29 مارچ 2019 کے اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دوسرے اور تیسرے درجے کے سلیب والے گھریلو صارفین کو رقم جلد از جلد واپس کی جائے جبکہ پہلے درجے کے صارفین کو رقم کی واپسی سے پہلے تصدیق کرائی جائے۔ 4 لاکھ 43 ہزار صارفین کی جگہ کی تصدیق کی جا چکی ہے۔  77 ہزار صارفین کو پریشر کے مطابق بل بھجوائے گئے۔ موجودہ اور اضافی شناخت شدہ صارفین کو پریشر فیکٹر کے بغیر بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں نظر ثانی شدہ گیس پریشر سے ہونے والی آمدنی جانچنے کیلئے سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔