Sunday, September 8, 2024

سوئٹزرلینڈ میں مٹی کے تودے گرنے سے 14 افراد لاپتہ

سوئٹزرلینڈ میں مٹی کے تودے گرنے سے 14 افراد لاپتہ
August 25, 2017

جنیوا (92 نیوز) سوئٹزرلینڈ میں مٹی کے تودے گرنے سے چودہ افراد لاپتہ ہو گئے۔ ایک سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں اٹلی کے سرحدی علاقے کے قریب لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایک سو کے قریب افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایک سو بیس امدادی کارکن لاپتہ افراد کی تلاش کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں جرمنی ،آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے شہری شامل ہیں جو کوہ پیما ہیں۔

علاقہ دشوار گزار ہونے اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے فوجی ہیلی کاپٹروں، جدید ٹیکنالوجی اور سراغ رساں کتوں کی مدد لی جا رہی ہے۔