Sunday, September 8, 2024

سوئس حکام سے معاہدے میں تاخیر کے ذمہ دار اسحاق ڈار ہیں،شہزاد اکبر

سوئس حکام سے معاہدے میں تاخیر کے ذمہ دار اسحاق ڈار ہیں،شہزاد اکبر
October 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ سوئس حکام سے معاہدے میں تاخیر کے ذمہ دار اسحاق ڈار ہیں۔ پی آئی ڈی اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ حکمران کرپٹ ہوں تو وہ ایسے قوانین بناتے ہیں جن کی مدد سے پیسے آسانی سے بیرون ملک بھیجے جا سکیں۔ شہزاد اکبر نے سوئس حکام سے معاہدے میں تاخیر کا ذمہ دار اسحاق ڈار کو قرار دیا اور کہا سابق وزیر خزانہ نے جان بوجھ کر معاہدہ روکے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عہدے پر رہنے والوں کی پراپرٹی کی تحقیقات ہو گی۔ میوچل لیگل اسسٹنس کا مسودہ تیار ہو چکا ہے۔ وسل بلور کے لیے قانون تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ دوسری طرف فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن اور بیرونی سرمایہ کاری معاشی پالیسی کے ستون ہیں۔ پی آئی اے کے خرچے پر مشاہد اللہ خان نے اپنا علاج کرایا۔ اپنے بھائیوں کو رشتہ داروں کو بھرتی کرایا۔ تحقیقات  کیلئے معاملہ نیب کو ارسال کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف پر وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا 35 کروڑ روپے کا بل واجب الادا ہے۔ انہیں بھی نوٹس جاری کریں گے۔