Friday, April 26, 2024

سنیپ چیٹ 27رمضان کو مکہ مکرمہ میں عبادت کرتے مسلمانوں کو لائیو دکھانے کیلئے کوشاں

سنیپ چیٹ 27رمضان کو مکہ مکرمہ میں عبادت کرتے مسلمانوں کو لائیو دکھانے کیلئے کوشاں
July 13, 2015
جدہ (ویب ڈیسک) معروف ایپ سنیپ چیٹ کی جانب سے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کو فیچر کیے جانے کے سلسلے میں ایک مہم میں تقریباً تین لاکھ افراد نے مکہ لائیو کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔ سنیپ چیٹ نے گزشتہ سال لائیو یعنی براہِ راست کی آپشن متعارف کروائی تھی۔ اس کے ذریعے صارفین براہِ راست شائع کی جانے والی ایک سٹریم میں اپنی ویڈیوز اور تصاویر شائع کر سکیں گے۔ ایپ کے دیگر فنکشنز کی طرح یہ ویڈیوز اور تصاویر چند لمحوں کے بعد غائب ہو جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ ہر سال لاکھوں مسلمان حج کا فریضہ ادا کرنے مکہ مکرمہ کا رخ کرتے ہیں۔ ماہِ رمضان میں بھی دنیا بھر کے مسلمان مکہ میں جا کر عبادت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ اس شہر میں غیرمسلموں کا داخلہ ممنوع ہے۔ سنیپ چیٹ پر مہم میں کوشاں لاکھوں سعودی شہریوں کو امید ہے کہ اس کے ذریعے عبادت میں مصروف مسلمانوں کی بڑی تعداد کا عبادت کرتے ہوئے خوبصورت منظر دنیا کو دکھایا جا سکے گا۔ غیرمسلموں کےلئے اس شہر کو دیکھنے کا یہ ایک نایاب موقع ہوگا۔ اس مہم کے کارکنان کی کوشش ہے کہ سنیپ چیٹ ماہِ رمضان کی ستائیسویں شب کو اپنی لائیو کوریج کرے کیونکہ زیادہ با برکت رات تصور کیے جانے کی وجہ سے اس رات مکہ کی مسجد الحرام میں قدرے زیادہ عبادت گزار آتے ہیں۔ ادھر کچھ لوگ اس کے خلاف بھی ہیں۔ ایک شخص نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سنیپ چیٹ پر لوگوں کو نازیبا لباس میں دکھایا جاتا ہے، آپ ایسے پلیٹ فارم پر دنیا کی پاک ترین جگہ کیسے دیکھا سکتے ہیں۔