Thursday, March 28, 2024

سنگین غداری کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی

سنگین غداری کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی
November 28, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سنگین غداری کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ،  عدالت نے ریمارکس دیے کہ  پانچ دسمبر کے بعد التواء نہیں دیں گے ،  پراسیکیویشن ٹیم پوری تیاری کے ساتھ پیش ہو،  پانچ دسمبر کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی ۔ سابق صدر و جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں ہوئی ،  پرویز مشرف کے سرکاری وکیل کے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ۔ جسٹس شاہد کریم  نے ریمارکس میں کہا کہ ہم ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند نہیں،  ہم صرف سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں۔ پرویز مشرف کے وکیل نے  موقف اپنایا کہ ہم نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے  جس پر جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیے کہ  آپ نے ہمارے احکامات نہیں پڑھے ، ہائیکورٹ کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے ، ہائیکورٹ نے  آپ کو5 دسمبر تک پراسیکیوشن تعینات کرنے کا حکم دیا ہے ، پانچ دسمبر کے بعد  ہم آپ کو مزید وقت نہیں دیں گے ۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس میں کہا کہ  پانچ دسمبر کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی ،  پرویز مشرف اگلی سماعت سے قبل جب چاہیں آکر بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں، آئندہ سماعت کے بعد کوئی درخواست نہیں لیں گے۔