Thursday, April 25, 2024

سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے حکومت کا عدالت سے رجوع

سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کیلئے حکومت کا عدالت سے رجوع
November 25, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سنگین غداری کیس میں وفاقی حکومت نے پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کا فیصلہ روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے اپنی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ تشکیل دے دیا جو کل دن ساڑھے بارہ بجے سماعت کرے گا۔ لارجر بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت پرویز مشرف کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئی، سنگین غداری کیس کا فیصلہ روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر کے وزارت داخلہ نے کیس کا فیصلہ روکنے کی استدعا کردی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پرویز مشرف کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے، حکومت نے خصوصی عدالت کی تشکیل پر بھی اعتراض کردیا۔ پرویزمشرف غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں بھی سماعت ہوئی۔ عدالت عالیہ نے سابق صدر کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سوالات اٹھا دیئے، مشرف اسلام آباد کے رہائشی ہیں، لاہورہائیکورٹ کیس کیسے سن سکتی ہے؟ عدالت نے وکیل کو مزید دلائل کیلئے کل تک کی مہلت دےدی۔ اُدھر پرویز مشرف کے وکیل نے خصوصی عدالت کا فیصلہ روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کردی ہے۔ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے کا فیصلہ 28 نومبر کو سنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔