Friday, March 29, 2024

سنگین غداری کیس ، پرویزمشرف کی سماعت میں التوا کی درخواست منظور

سنگین غداری کیس ، پرویزمشرف کی سماعت میں التوا کی درخواست منظور
May 2, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویزمشرف کی سماعت میں التوا کی درخواست منظور کرلی۔

 سنگین غداری کیس میں پیشی کیلئے پرویز مشرف کو ایک اور موقع مل گیا۔ جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

ملزم کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے آگاہ کیا کہ انکے موکل بہت علیل ہیں، جسمانی حالت دیکھ کر حیران رہ گیا۔ وہ چل پھر نہیں سکتے، بول بھی نہیں پا رہے، پاکستان نہ آنے پر شرمندہ اور معذرت خواہ ہیں۔

 پرویز مشرف کے وکیل نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کر دی اور دلائل دئیے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ 2007 کا ہے۔ وہ 2013 میں وطن واپس ائے، 2014 میں فرد جرم عائد کی گئی۔ دو سال تین ماہ تک پاکستان میں رہے لیکن استغاثہ اپنا کیس ثابت نہ کر سکا۔ میں اپنے موکل کی معاونت کے بغیر عدالت کے سوالات کا جواب نہیں دے سکتا۔ مشرف کو پیش ہونے کیلئے ایک اور موقع دینے کی بھی استدعا کر دی۔  

 استغاثہ نے کیس ملتوی کرنے درخواست پر اعتراض کیا تو جسٹس طاہرہ صفدر نے اسستفسار کیا کہ التواء کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی ہے جس پر وکیل استغاثہ نے کہا میڈیکل رپورٹ کے مصدقہ ہونے پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔  

عدالت نے ملزم کی التواء کی درخواست منظور کر لی اور بریت کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا۔ سماعت 12 جون کو دوبارہ ہو گی۔