Friday, May 3, 2024

سنگین غداری کیس ، پراسیکیوشن کی نئی ٹیم کو 15 دن تیاری کی مہلت

سنگین غداری کیس ، پراسیکیوشن کی نئی ٹیم کو 15 دن تیاری کی مہلت
December 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس  میں نئی پراسیکیویشن ٹیم خصوصی عدالت میں پیش ہوئی  جسے تیاری کیلئے 15 دن کا وقت دینے کی استدعا کی تو عدالت نے منظور کرلی گئی ۔ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ،  پراسیکوٹر علی ضیاء باجوہ نے موقف اپنایا کہ کل تعیناتی ہوئی ساتھ ہی تین ہزارصفحات پرمشتمل ریکارڈ بھی ملا ، سابق پراسیکیوشن ٹیم کے دلائل پرانحصارنہیں کرینگے ۔ نئی پراسیکیوشن ٹیم نے ریکارڈ دیکھنے کیلئے پندرہ روز کی مہلت دینے کی استدعا کی ۔ دوران سماعت جسٹس وقاراحمد سیٹھ نے ریمارکس دیے  سماعت کیلئے ججز ملک کے مختلف حصوں سے آتے ہیں ، زیادہ مہلت نہیں دے سکتے اس مقدمے کو ترجیحی بنیاد پر لڑیں ۔ پراسیکیوٹر علی ضیاء نے دلائل میں دباؤ کا ذکر کیا تو جسٹس نذر اکبر نے کہا کہ وکیل اورعدالت پرکیا دباؤ ہوسکتا ہے وکیل کا کام معاونت کرنا ہے ، نہیں چاہتے پراسیکیوشن کے ہاتھوں میں کھلایا جائے تیاری کیلئے چار روز بہت ہیں۔ پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے ان کو سننے کی استدعا کی تو جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیے کہ کس حیثیت میں اپ کو سن لیں ، پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد آپ کو بھی سننا ہوا تو سن لیں گے۔ جسٹس نذر اکبر نے ملزم کے وکیل کو  سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھنے اور نظرثانی اپیل دائر کرنے کا مشورہ دیا ، پراسیکیوٹر نے دوبارہ 15 دن کا وقت دینے کیلئے استدعا کی تو عدالت نے منظور کرلی۔ عدالت نے واضح کیا کہ 15 دن کے بعد کوئی التوا نہیں دیا جائے گا ۔عدالت نے پراسیکیوٹر کو 17 دسمبر تک حتمی دلائل دینے کی ہدایت کردی اور قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر کیس کا فیصلہ سنا دیا جائیگا۔