Saturday, May 11, 2024

سنگین غداری کیس پر پریس کانفرنس، حکومتی نمائندوں کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سنگین غداری کیس پر پریس کانفرنس، حکومتی نمائندوں کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
December 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سنگین غداری کیس پر پریس کانفرنس کرنے پر حکومتی نمائندوں کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ وزیر قانون فروغ نسیم، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، شہزاد اکبر اور اٹارنی جنرل انور منصور خان کو خصوصی عدالت کے فیصلہ پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا ۔ چاروں اعلیٰ حکومتی شخصیات کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے عدالت عظمی سے رجوع کر لیا گیا۔ حکومتی شخصیات کے خلاف توہین عدالت کی درخواست میں ٹی وی چینلز کو بھی فریق بنیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت کے آرٹیکل 6 کے مقدمہ میں پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ کے بعد فردوس عاشق اعوان، شہزاد اکبر، فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل نے خصوصی عدالت کا تمسخر اڑایا۔ خصوصی عدالت کے سر براہ وقار احمد سیٹھ کی تضحیک کی اور اُن کے خلاف نفرت انگیز بیانات دیے۔ توہین عدالت کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے تحت کسی شخص کو عدلیہ یا جج کو اسکینڈلائیز کرنے کا اختیار نہیں۔ چاروں حکومتی شخصیات کے خلاف آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کرکے سزا دی جائے۔