Saturday, April 27, 2024

سنگیت کے بےتاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خاں کا اکہتر واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

سنگیت کے بےتاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خاں کا اکہتر واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے
October 13, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) سُر اور سنگیت کے بےتاج بادشاہ اور قوالی میں شہرہ آفاق استاد نصرت فتح علی خاں کا اکہتر واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ موسیقی کے افق پر کئی سالوں تک جگمگانے والے ستارے نے 13 اکتوبر 1948ء کو جھنگ بازار سے متصل علاقے نشتر آباد میں موسیقی سے جڑے چھوٹے سے گھرانے میں آنکھ کھولی۔ نصرت کے والد فتح علی خاں اور تایا مبارک علی خاں اپنے دور کے بڑے قوال تھے۔ نصرت فتح علی بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ انہیں بچپن سے ہی موسیقی کا شوق تھا لیکن آواز سریلی نہ ہونے پر والد انہیں گائیگی سے دور رکھتے تاہم اس دوران انہوں نے طبلہ اور ہارمونیم میں کمال مہارت حاصل کر لی۔ نصرت فتح علی خان کے والد نے ان میں چھپی صلاحیتیں دیکھیں تو موسیقی کی تربیت دینا شروع کر دی۔ شہنشاہ قوال نے اپنے والد کی رسم چہلم پر پہلی پرفارمنس دی۔ نصرت کی پہلی عوامی پرفارمنس ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے پروگرام "جشن فیصل آباد" میں نشر کی گئی۔ نصرت فتح علی خاں جب تک زندہ رہے ہر سال جھنگ بازار میں بابا لسوڑی شاہ دربار پر قوالی گاتے۔ استاد نصرت فتح علی خاں نے 125 البم تیار کیے جس پر ان کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔ شہنشاہ قوال کو جگر اور گردوں کی بیماری نے ایسا گھیرا کہ 6 دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد آخر 16 اگست 1997 کو اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ انھیں 17 اگست کو جھنگ روڈ فیصل آباد کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔