Friday, March 29, 2024

سنسنی خیز مقابلے کےبعد انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

سنسنی خیز مقابلے کےبعد انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی
May 11, 2019
ساؤتھ ہمپٹن ( 92 نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کےبعد انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی۔ پاکستان کی ٹیم 374 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز  ہی بنا پائی ۔ پاکستان کی جانب سے  محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا گیا ۔ اوپنر  14 اوورز میں ہی اسکور کو 92 تک لے گئے جہاں  امام الحق 44 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ سنسنی خیز میچ میں فخر زمان نے محتاط اور جارحانہ انداز اپنایا ، انہوں نے 106 گیندوں پر 138 رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے ۔ فخر زمان 33ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 227 تھا ۔ ٹاپ آرڈر بابراعظم اور آصف علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، دونوں کھلاڑی 51،51 اسکور کر کے آؤٹ ہوئے ۔ بابر نے 52 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 51اسکور کئے ، وہ راشد کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ آصف علی نے مایوسی کی شکار ٹیم میں جیت کی ایک نئی امنگ پیدا کی اور چار فلک شگاف چھکے لگا کر میچ میں واپسی انٹری دی ، ان کی اننگز میں 2 چوکے بھی شامل تھے ۔ انہوں نے 36 گیندوں پر 51 رنز بنائے ۔ حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور قیمتی ترین گیندوں  پر کوئی بڑی ہٹ لگانے میں ناکام رہے ۔حارث سہیل نے 18 گیندوں پر 14 رنز بنائے ، وہ کیچ آؤٹ ہوئے ۔ کپتان سرفراز احمد 28 گیندوں پر 37 رنز بنا پائے ، ان کی بیٹنگ میں دو چوکوں کا بھی حصہ تھا ۔ عما وسیم نے چار گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 8 ، فہیم اشرف نے چار گیندوں پر 3 رنز بنائے ۔ حسن علی چار گیندوں پر چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس سے قبل ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر  میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ انگلینڈ کے اوپنرز نے جم کر کھیلا جیسن روئے اور جونی بریسٹوپہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے ۔ انیسویں اوور کی آخری گیند پر جونی بریسٹو  شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ تھما بیٹھے ۔ا نہوں نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 اسکور کئے ۔ ٹاپ آرڈر جوئے روٹ نے اوپنر جیسن روئے کیساتھ مل کر ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور 177 رنز کے مجموعی اسکور پر  انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جہاں اوپنر جیسن روئے 3چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 87 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ جوئے روٹ کی گری ، جو 54 گیندوں پر 40 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ تھما بیٹھے ، ان کی اننگز میں 3 چوکے شامل تھے ۔ مڈل آرڈر اور کپتان ایون مورگن نے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کیساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا ۔ دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 147.91 اور200 کی اوسط سے اسکور بنائے  اور ناٹ آؤٹ رہے ۔ کپتان مورگن نے 48 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 110 رنز بنائے ۔ ان کی اننگز 9 چھکوں اور 6 چوکوں سے مزین تھی ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 80 ، حسن علی نے 10 اوورز میں 81 رنز دیے اور ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ فہیم اشرف اور عماد وسیم نے بھی 10،10 اوورز پھینکے اور بالترتیب 69 اور 63 رنز دیے ، دونوں کھلاڑی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔ پاکستان کی جانب سے سپنر یاسر شاہ  نے 7 اوورز میں بغیر وکٹ حاصل کئے 60 رنز دیےجبکہ حارث سہیل  نے 3 اوورز میں 16 رنز دیے ۔