Friday, May 17, 2024

سندھ یونیورسٹی جامشورو سے لاپتہ طالبہ پارس امداد نے پسند کی شادی کر لی

سندھ یونیورسٹی جامشورو سے لاپتہ طالبہ پارس امداد نے پسند کی شادی کر لی
September 15, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ یونیورسٹی جامشورو سے لاپتہ طالبہ پارس امداد نے پسند کی شادی کر لی، نکاح نامہ بھی دکھا دیا۔ سندھ یونیورسٹی جامشورو سے لاپتہ ہونے والی دو طالبات میں سے ایک کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ طالبات میں سے زوالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سیکنڈایئرکی ایک طالبہ پارس امداد کا  وڈیوبیان میں کہنا تھا کہ اسے کسی نے اغواء نہیں کیا بلکہ اس نے اپنی مرضی سے اپنے کزن اویس سے شادی کی ہے۔ والدین کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ بیان میں پارس نے اپنا نکاح نامہ بھی دکھایا ہے۔ پارس کے ورثاء کی جانب سے 9 ستمبر کو جامشورو تھانے میں پارس کے اغواء کی ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی جبکہ سندھ یونیورسٹی سے ہی 29 اگست کو پاکستان اسڈیز ڈیپارٹمنٹ کی فرسٹ ایئر کی ایک اور طالبہ سیما بھی پراسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی جس کا تاحال سراغ نہیں مل سکا ہے۔ سندھ یونیورسٹی کی دو طالبات پراسرار طور پرلاپتہ ہو گئیں تھیں۔ دونوں طالبات یونیورسٹی کے ہاسٹل میں قیام پزیرتھیں۔ دونوں لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ والدین کی مدعیت میں جامشور تھانے میں درج کرلیا گیا ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ دونوں لڑکیاں دیگر طالبات کے ساتھ  پکنک منانے گئیں تھیں اور واپس نہیں آئیں۔ فتح محمد برفت نے یہ بھی کہا کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ لڑکیوں نے پسند کی شادی کرلی ہے۔ دوسری جانب پارس کے والد کا کہناتھا کہ ان کی بیٹی پکنک سے واپس آگئی تھی ، انہیں فون پر واپسی کی اطلاع بھی دی تھی،اس کے بعد وہ لاپتہ ہوئی۔ طالبہ کے والد نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان سے تعاون نہیں کر رہی۔ چند برس  پہلے اسی یونیورسٹی کی ایک طالبہ نورین لغاری بھی لاپتہ ہوگئی تھی ، جیسے پاک فوج نے داعش کے خلاف ایک آپریشن کے دوران برآمد کیا تھا۔