Thursday, April 18, 2024

سندھ ہر لحاظ سے کرپٹ ترین صوبہ ہے ، جسٹس گلزار احمد

سندھ ہر لحاظ سے کرپٹ ترین صوبہ ہے ، جسٹس گلزار احمد
June 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے  ریمارکس دیے کہ سندھ ہر لحاظ سے کرپٹ ترین صوبہ ہے ، بدقسمتی سے سندھ میں عوام کیلئے کچھ نہیں، بجٹ کا ایک روپیہ بھی عوام پر خرچ نہیں ہوتا۔ سپریم کورٹ میں سکھر پریس کلب مسمار کیس کی سماعت کے دوران  جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہر لحاظ سے کرپٹ ترین صوبہ ہے۔  ہر محکمہ، ہر شعبہ ہی کرپٹ ہے، سندھ کے بجٹ کا ایک روپیہ بھی عوام پر خرچ نہیں ہوتا،بدقسمتی سے سندھ میں عوام کیلئے کچھ نہیں ہے۔ ایڈز کےمریضوں کا ذکر کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ  لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کی صورتحال دیکھیں ،  دیکھتے دیکھتے پورا لاڑکانہ ایچ آئی وی پازیٹو ہوجائے گا، صحافی بھی عوام کے مسائل کی خبریں نہیں لگاتے۔ میڈیا عوام کی خبر لگائے تو اشتہار بند ہوجاتے ہیں۔ سکھر کی حالت زار پر جسٹس گلزار نے کہا سکھر شہر کی ایسی تیسی پھیردی گئی ،  گرم شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتیں نہیں بن سکتیں، سکھر گرم ترین شہر ہے لیکن عوام کثیرالمنزلہ عمارتوں میں رہتے ہیں جہاں بجلی ہے نہ پانی عوام کو بنیادی سہولیات نہ ملیں تو پرتشدد ہوجاتی ہے۔میئر سکھر کثیر المنزلہ عمارتیں گراتے کیوں نہیں ہیں؟ ۔ جسٹس گلزارنے ریمارکس میں مزید کہا پہلے کراچی سے نمٹ لیں پھر سکھر کی طرف آئیں گے ،  ہمیں پارک ہر صورت خالی چاہئیں۔ کراچی میں ہم نے ایدھی اور چھیپا کی ایمبولنس بھی پارکوں سے ہٹوا دیں۔  پارکوں میں کوئی بزنس یا کاروبار نہیں چلنے دینگے۔ عدالت نے سکھر پریس کلب کے لئے شہر کے درمیان میں جگہ دینے کی ہدایت کی ، جسٹس گلزار نے کہا پریس کلب انتظامیہ اور کمشنر سکھر ایک ہفتے میں متبادل جگہ کا انتخاب کریں ۔ کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔