Friday, April 26, 2024

سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر صوبے بھر میں تمام شراب خانے بند

سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر صوبے بھر میں تمام شراب خانے بند
October 27, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر صوبے بھر میں شراب خانے بند کرائے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد، سکھر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شراب خانوں کو تالے لگائے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوالہ یار کا ایک شراب خانہ بیس سال بعد پہلی بار بند ہوا۔ مختلف مقامات پر شہریوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ تفصیلات کے مطابق آج ہی شراب خانے بند کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ شہرشہر شراب خانوں پر چھاپے مار کر تالے چڑھا دیے گئے۔ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر کئی روز گزر جانے کے بعد آخرکار سکھر پولیس کوبھی ہوش آ گیا۔ آئی جی سندھ کے احکامات کے بعد پولیس نے ضلع بھر میں وائن شاپس کے خلاف کریک ڈاون شروع کر کے انہیں سیل کرنا شروع کر دیا۔ اسی طرح حیدرآباد پولیس نے شہر کے تمام شراب خانے بند کرا دیے۔ قاسم آباد میں وائن شاپ سیل ہونے پر علاقہ مکینوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ لاڑکانہ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران اور اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے تین شراب خانوں کو بند کر دیا جبکہ سانگھڑ پولیس نے اتفاق چوک پر واقع شراب خانہ بند کرا دیا۔ نواب شاہ اورعمر کوٹ میں بھی ضلع بھر کی وائین شاپس بند کروا دی گئیں۔ ٹنڈوالہ یار کے کیریا شاخ کے مقام پر قائم شراب خانہ بیس سال کے بعد سیل کر دیا گیا۔ بیس سال کے دوران اس شراب خانے کو کبھی بھی تالا نہ لگا تھا۔ اس سے پہلے سندھ ہائیکورٹ نے شراب خانوں پر پابندی سے متعلق درخواست پر ڈی جی ایکسائز اور آئی جی سندھ کو آج ہی صوبے بھر کے تمام شراب خانے بند کرنے کا حکم دیا تھا۔