Sunday, September 8, 2024

سندھ ہائیکورٹ کا محکمہ بہبود آبادی کے دو ہزار ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا محکمہ بہبود آبادی کے دو ہزار ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم
January 12, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ بہبودآبادی سندھ کے 2 ہزار ملازمین کو 10 روز میں مستقل کرنے کا حکم دےدیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ بہبود آبادی کے دو ہزار ملازمین کو مستقل نہ کرنے کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی تو درخواست گزار اور سیکرٹری بہبود آبادی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا اپنا موقف بیان کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے ملازمین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے۔ سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ملازمین کو تنخواہیں دی جا رہی ہیں اور انہیں مستقل کرنے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوا چکے ہیں۔ عدالت نے ملازمین کو دس روز میں مستقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکم پر عمل نہ ہوا تو چیف سیکرٹری و دیگر کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔