Thursday, March 28, 2024

سندھ ہائیکورٹ کا بحریہ ٹاﺅن کو قبضے کی زمین پر تعمیرات روکنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا بحریہ ٹاﺅن کو قبضے کی زمین پر تعمیرات روکنے کا حکم
April 28, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ تعمیراتی منصوبے کے لیے 64 ایکڑ نجی اراضی پر قبضے کے خلاف درخواست پر بحریہ ٹاون کو تعمیرات سے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکو رٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں بحریہ ٹاون کو غیرقانونی زمین کی الاٹمنٹ کے خلاف درخواست کی سماعت کی گئی۔ ناظر سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ ناظر نے رپورٹ میں کہا کہ دو ہزار پندرہ میں گڈاپ ٹاون کے علاقے میں زمین پر کوئی تعمیرات نہیں تھیں لیکن اب علاقے میں سڑک تعمیر ہوچکی ہے اور دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ حکم امتناع کے باوجود تعمیرات ہورہی ہیں ۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود منصوبے کی تعمیر جاری ہو۔ عدالت نے گڈاپ ٹاون میں چونسٹھ ایکڑ نجی زمین کی اراضی پر قبضے کے خلاف درخواست پر بحریہ ٹاون کو تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین بحریہ ٹاون اور دیگر فریقین سے 17 مئی تک جواب طلب کرلیا ۔ درخواست گزار جان محمد اور دیگر نے موقف اختیار کیا تھا کہ گڈاپ ٹاون میں ایم ڈی اے کی جانب سے زمین زرعی اور پولٹری مقاصد کے لیے لیز پر دی گئی جسے غیرقانونی طور پر بحریہ ٹاون کو منتقل کردیا گیا۔