Friday, April 19, 2024

سندھ ہائیکورٹ : وسیم اختر کا حلف روکنے کی فیصل واوڈا کی درخواست خارج

سندھ ہائیکورٹ : وسیم اختر کا حلف روکنے کی فیصل واوڈا کی درخواست خارج
August 30, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے منتخب مئیر کراچی وسیم اختر کے حلف روکنے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے وسیم اختر کی حلف برداری روکنے کیلئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی درخواست خارج کر دی۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ میں وسیم اختر کی حلف برداری روکنے کے لیے فیصل واوڈا کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وسیم اختر سنگین جرائم کے الزامات میں جیل ہیں۔ میئر کراچی کا حلف لینے سے روکا جائے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کسی شخص کو محض الزامات کے تحت مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ اگر کوئی قانونی نکتہ یا دلیل ہو تو پیش کیا جائے۔ فیصل واوڈا کے وکیل عدالت کے روبرو اپنی درخواست کے حق میں دلائل دینے میں ناکام رہے۔ عدالت نے فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی اور درخواست گزار کو حکم دیا کہ اگر کوئی قانونی دلیل ہو تو فوری سماعت کی درخواست دوبارہ دائر کی جا سکتی ہے۔ فیصل واوڈا نے سندھ ہائیکورٹ میں وسیم اختر کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس کے تحت انہوں نے تقریب حلف برداری روکنے کی استدعا کی جسے مسترد کرتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ اگر آپ پر بھی دس الزام ہوں تو کیا آپ کو بھی الیکشن سے روک دیا جائے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میچ کا مزا تو آخری اوورز میں ہی آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگین جرم میں ملوث شخص جیل سے مئیر بن رہا ہے۔ اگر عدالت نے حلف سے نہیں روکا تو اور آپشن بھی ہیں۔