Monday, May 20, 2024

سندھ ہائیکورٹ ، سرکاری اراضی بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کرنے بار ے کیس سپریم کورٹ کے فیصلے تک ملتوی

سندھ ہائیکورٹ ، سرکاری اراضی بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کرنے بار ے کیس سپریم کورٹ کے فیصلے تک ملتوی
April 24, 2019

کراچی ( 92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سرکاری اراضی بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کردی ۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ایک مرتبہ پھر حیران کردیا  اور سماعت کے دوران کیس نمبر پکارے جانے کے باوجود لاعلمی میں اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے ۔

سندھ میں سرکاری اراضی بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کرنے کے معاملے میں  سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور دیگر کی ضمانت کیلئے درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ۔

سماعت کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی،  جب قائم علی شاہ سماعت سے مکمل لاعلم رہے، کیس نمبر  پکارنے کے باوجود سابق وزیراعلی اپنی سیٹ پر بیٹھے رہے ۔

کیس چلا، ملزمان اور وکلاء پیش ہوکر واپس بھی چلے گئے  ، لیکن سندھ کے سابق وڈھے سائیں کو خبر تک نہ ہوئی  اور کافی دیر بعد وکیل کے بتانے پر عدالت سے باہر نکلے ۔

سماعت کے دوران نیب افسر نے بتایا کہ معاملہ سپریم کورٹ عملدرآمد بینچ کے سامنے زیرسماعت ہے  جس پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کردی ۔