Thursday, April 25, 2024

سندھ کے کیسز کا ٹرائل راولپنڈی میں ہو رہا ہے، بلاول بھٹو

سندھ کے کیسز کا ٹرائل راولپنڈی میں ہو رہا ہے، بلاول بھٹو
December 15, 2019

 کوئٹہ (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا سندھ کے کیسز کا ٹرائل راولپنڈی میں ہو رہا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ پہنچے تو کوئٹہ ائیرپورٹ پر پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔

کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سزا یافتہ شخص کی ضمانت ہو سکتی ہے تو فریال تالپور کی کیوں نہیں؟۔ سلیکٹڈ حکومت صوبوں کے حقوق پر ڈاکے ڈال رہی ہے۔ نوکریاں دینے والے روزگار چھین رہے ہیں۔ ہمارے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سلیکٹڈ حکمران کو عوام کے نہیں سلیکٹرز کے مفادات کا خیال ہے۔ یہ بھول جائیں کہ بی بی شہید کے بیٹے کو ڈرا لیں گے۔ آج ڈاکو چور اور لٹیروں کیلئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آتی ہے۔ تاجروں، مزدوروں، کسانوں اور عوام کیلئے کوئی اسکیم نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہم اپنے وفادار بلوچستان کے ساتھیوں سے ملنے آئیں ہیں۔ یہ بھٹو کی تیسری نسل کا اعلان ہے کہ راولپنڈی ہم آرہے ہیں۔ قائد عوام نے پھانسی کی تخت پر بھی اصولوں پر کوئی سودے بازی نہیں کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے بعد بھی قائد عوام ہیں ۔ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کی طرز زندگی کو مشعل راہ بنا کر شہادت قبول کی۔ تمام مظالم کے باوجود پارٹی قیادت نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ ہم نے جمہوریت کو بحال کیا صوبوں کو حقوق دیئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ملک ولی کاکڑ اور رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ۔ بلوچستان اسمبلی کے اراکین ملک نصیر شہوانی، ثنااللہ بلوچ اور اختر حسین لانگاؤ نے بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے موسی بلوچ اور غلام نبی مری بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بی این پی مینگل گروپ کے وفد کے ساتھ لنچ بھی کیا۔ بی این پی مینگل گروپ کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان کے سیاست دانوں کے درمیان علاقائی صورت حال سمیت اہم نکات پر بات ہوئی۔

دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی کہ بلوچستان میں کل سے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ ساڑھے چار لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ والدین پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔