Friday, April 26, 2024

سندھ کے مختلف شہروں میں نمرتا کی ہلاکت کےخلاف احتجاج

سندھ کے مختلف شہروں میں نمرتا کی ہلاکت کےخلاف احتجاج
September 22, 2019
 لاڑکانہ (92 نیوز) سندھ کے مختلف شہروں میں نمرتا کی ہلاکت اور مبینہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کےخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے متاثرہ خاندان کو انصاف دلوانے کا مطالبہ کر دیا۔ لاڑکانہ کے آصفہ میڈیکل کالج میں طالبہ کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا۔ تھرپارکر میں نمرتا کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے مظاہرے کیئے گئے۔ شہر بھر کے کاروباری مراکز بند رہے۔ تاجروں اور سول سوسائٹی کے سیکڑوں افراد نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ، وی سی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کھپرو میں طالبہ نمرتا کی موت کے ذمہ داروں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا دیا گیا۔ شہری اتحاد اور ہندو کمیونٹی کی جانب سے سندھ حکومت کےخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ جام نوازعلی میں بھی نمرتا کی موت کے کیس کے حوالے سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شہریوں اور ہندو کمیونٹی نے مین روڈ اور ریلوے ٹریک پر مظاہرہ کیا۔ کشمور میں عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے نمرتا کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع گھوٹکی کے مختلف علاقوں میں بھی طالبہ کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ خان پورمہر میں جسقم، سول سوسائٹی اور ہندو برادری کی جانب سے مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے کالج کی وی سی کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ ٹنڈوالہ یار میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔