Friday, May 10, 2024

سندھ کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع

سندھ کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع
August 31, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔  حیدرآباد، سکھر،نوابشاہ، میرہورخاص، ٹنڈوالہ یار سمیت مختلف شہروں میں بارش جاری ہے، کچھ ہی دیر کی بارش سے بیشر شہروں کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں اب تک پچھلی بارش کے اثرات موجود ہیں، دادو اور تھرپارکر میں سیلابی صورتحال سے علاقہ مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

بارش آئی، پانی آیا لیکن صفائی کیلئے اب تک کوئی نہیں آیا ، سندھ کے مختلف شہروں میں پچھلی بارش کے پانی کی نکاسی کا کام شروع نہیں ہوا  ۔ اور ایک بار پھر مختلف شہروں میں تیز  بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، حیدرآباد میں  وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے۔۔ جبکہ  شہر کی مہر علی کالونی، فاطمہ جناح کالونی اور ریلوے کالونی میں گزشتہ بارشوں کا پانی اب بھی جمع ہے ۔

سکھر میں بھی بادل ایک بار پھر برسنا شروع ہوگئے،، بارش ہوتے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، نوابشاہ، میرہورخاص، ٹنڈوالہ یار، سانگھڑ، میں موسلادھار بارش سے سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔

نوشہروفیروز، شاہپورچاکر اور جام نواز علی میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے  ۔ تھرپارکر کی تحصیل کلوئی میں بارش کے پانی سے کئی گاؤں زیر آب آنے سے لوگ بے گھر ہوگئے، علاقہ مکین بچوں سمیت سڑکوں پر کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔

کیر تھر پہاڑوں پر رات گئے بارش سے دادو گاج ندی کے پانی میں دو فٹ اضافہ ہوگیا ، جبکہ  کاچھو میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے  علاقہ مکین کئی روز سے  گھروں تک محدود ہیں ، سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔