Friday, April 26, 2024

سندھ کے بیشتر اسپتالوں میں طبی عملہ حفاظتی سامان سے ہی محروم

سندھ کے بیشتر اسپتالوں میں طبی عملہ حفاظتی سامان سے ہی محروم
April 3, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اسپتالوں میں طبی عملہ حفاظتی سامان سے ہی محروم ہے۔ عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کوڑا دان میں استعمال ہونے والے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ڈاکٹروں کی ڈسٹ بن کا شاپر پہنے تصاویر  سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ڈاکٹرز خود کو محفوظ رکھنے کے لئے عام سا ماسک استعمال کر رہے ہیں۔ اسپتال میں کورونا کے کئی مثبت کیسز سامنے آچکے ہیں۔ عباس اسپتال کے کئی ڈاکٹرز آئیسولیشن میں بھی جا چکے ہیں۔ سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کی ایمرجنسی طبی عملہ بغیر حفاظتی انتظامات کے فرائض انجام دے رہا ہے۔ تمام عملے کو مخصوص لباس، این 95 ماسک، گلوز اور دستاتے میسر نہیں۔ اسپتال کے ایک ڈاکٹر کو کورونا اپنی لپیٹ میں  لے چکا ہے۔ اپوزیشن رہنما حلیم عادل شیخ اور نصرت سحر عباسی نے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے دعوی آسمان سے باتیں  کرتے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں ہیں۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا کہ طبی عملہ کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اندرون سندھ کے اسپتالوں میں صورتحال اور بھی خراب ہے۔ بیشتر اسپتالوں میں ڈاکٹر، نرس اور پیرامیڈیکل اسٹاف بغیر حفاظتی سامان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔