Sunday, May 12, 2024

سندھ کے بعد پنجاب میں بھی ایمبولینسز نایاب

سندھ کے بعد پنجاب میں بھی ایمبولینسز نایاب
September 20, 2019
 لاہور (92 نیوز) سندھ کے بعد پنجاب میں بھی ایمبولینسز نایاب ہونے لگیں ۔ جہلم کے سول اسپتال میں جاں بحق بچی کی لاش موٹرسائیکل پر گھر منتقل کرنا پڑی۔ جہلم کے علاقے بلال ٹاؤن میں محمد سلیمان کی شیرخوار بیٹی کی طبعیت اچانک خراب ہوئی تو ریسکیو1122 کو مدد کیلئے فون کیا لیکن آپریٹر نے ایمبولینس نہ ہونے کا جواب دے کر فون بند کر دیا۔ لواحقین موٹرسائیکل پر بچی کو اسپتال لے کر پہنچے تاہم لیٹ ہونے کی وجہ سے سول اسپتال کی ایمرجنسی میں بچی دم توڑ گئی۔ میت گھر منتقل کرنے کیلئے لواحقین نے ایمبولینس کیلئے رابطہ کیا تو جواب ملا گاڑی موجود نہیں۔ بچی کے لواحقین موٹرسائیکل پر سول اسپتال سے میت گھر لے کر گئے۔ ریسکیو 1122 کےڈسٹرکٹ انچارج ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کبھی کبھی ایسا ہوجاتا ہے جب ہمارے پاس ایمبولینس نہیں ہوتی تو لواحقین لاش اور مریض کو اپنی مدد آپ کے تحت گھر منتقل کر لیتے ہیں۔