Saturday, April 20, 2024

سندھ کی تقسیم کی بنیاد پیپلزپارٹی نے ڈالی ، مصطفی کمال

سندھ کی تقسیم کی بنیاد پیپلزپارٹی نے ڈالی ، مصطفی کمال
August 19, 2020

کراچی ( 92 نیوز) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بنیاد پیپلزپارٹی نے ڈالی ہے، کراچی کے چھ ٹکڑے کردیئے، تب خیال نہیں آیا۔

پی ایس پی چیئرمین مصطفٰی کمال اراضی کی غیرقانونی الاٹ منٹ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے ، صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے مصطفٰی کمال نے کہا کہ صوبےمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں کی جا رہی ،جس کی بنیاد پرکچھ لوگ الگ صوبے کا مطالبہ کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ  حکمران سندھ  کو دھرتی ماں کہتے ہیں ،کراچی اس دھرتی ماں کا دل ہے ، سندھ کے حکمرانوں نے اس دل کےٹکڑے کرکے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، جس طرح سندھ کی تقسیم نامنظور ہے اس طرح کراچی کی تقسیم بھی نامنظور ہے۔

پی ایس پی چیئرمین نے کہاکہ صوبائی خودمختاری کےنام پر صرف وزیر اعلیٰ کو تمام اختیارات دے دیے گئے ہیں ، تمام وزراء اعلیٰ ڈکٹیٹر بنے ہوئے ہیں ، صوبے وفاق سے این ایف سی ایوارڈ لیتے ہیں لیکن پی ایف سی ایوارڈ نہیں دیتے ، اٹھارہ ویں ترمیم سے ملنے والے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جاتے تو آج اٹھارہ ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی باتیں نہ ہوتیں۔

مصطفٰی  کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوری پارٹیاں اقتدار میں آتی ہیں تو بڑی ڈکٹیٹر بن جاتی ہیں ، پاکستان موجودہ طرز حکمرانی کے تحت مزید نہیں چل سکتا ہےاس کو بدلنا ہوگا۔