Saturday, April 27, 2024

سندھ کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاجی اسمبلی سجالی

سندھ کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاجی اسمبلی سجالی
May 20, 2020

کراچی ( 92 نیوز) اپوزیشن جماعتیں سندھ  حکومت کے خلاف ایک ہوگئیں ، صوبائی اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاجی اسمبلی سجا لی ، کورونا کے نام پر سیاست ختم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کوراشن فراہم کرنے کی اپیل کی۔

سندھ کی اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کے خلاف میدان میں آگئیں ، ایم کیو ایم کے محمد حسین کی صدارت میں اولڈ اسمبلی بلڈنگ کی سیڑھیوں پراحتجاجی اجلاس سجایا ، پی ٹی آئی،ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان شریک ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی صوبائی حکومت پر خوب گرجے برسے۔سندھ سرکار پرمعاشی سرگرمیاں ٹھپ کرنے کا الزام لگایا۔

ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے بھی سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔کہا۔دکانیں بند کرکے تاجروں کا نقصان کیا گیا۔روزانہ کمانے والے افراد کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا۔ سندھ حکومت کورونا کوقابو نہیں کرسکتی۔ سندھ میں ہر موت کورونا کے کھاتے میں ڈالی جارہی ہے۔

جی ڈی اےکی نصرت سحر عباسی نے کہا۔ ایسی نااہل حکومت کو گھرجانا چاہیے ۔ جی ڈی اےکے عارف جتوئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے غریبوں کی دکان بند رہے ، مراد علی  شاہ  ڈونلڈ ٹرمپ بننے کی کوشش نہ کریں۔