Sunday, May 19, 2024

سندھ کی 8رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

سندھ کی 8رکنی  کابینہ نے حلف اٹھالیا
August 19, 2018
کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ، سندھ کی نومنتخب 8 رکنی کابینہ نے  حلف اٹھالیا ۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزرا عوام کی خدمت کریں ، کرپشن کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔ سندھ میں 8 رکنی کابینہ تشکیل دے دی گئی ، قائم مقام گورنر سراج درانی نے گورنر ہاوس میں کابینہ اراکین سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں سردار شاہ، اسماعیل راہو، سعید غنی، مخدوم محبوب الزمان، شبیر بجارانی، ہری رام، عذرا پیچوہو اور شہلا رضا شامل ہیں، مرتضی وہاب کو مشیر قانون اور محمد بخش خان مہر کو مشیر صنعت و تجارت بنادیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سردار شاہ کو محکمہ تعلیم، اسماعیل راہو محکمہ خوراک، سعید غنی بلدیات، مخدوم محبوب الزمان ریونیو، شبیر بجارانی زراعت، ہری رام ایکسائز، عذرا پیچوہو صحت اور شہلا رضا کو وومن ڈویلپمنٹ کا قلمدان دیا جائے گا۔ اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ ارکان سے ملاقات کی اور ان پر واضح کیا کہ عوام کی خدمت کریں اور کارکردگی بہتر بنائیں، کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔