Friday, April 26, 2024

سندھ کابینہ کی افسران کے ڈومیسائل سے متعلق نیب خط کی مذمت

سندھ کابینہ کی افسران کے ڈومیسائل سے متعلق نیب خط کی مذمت
May 11, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ کابینہ نے افسران کے ڈومیسائل سے متعلق نیب خط کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ کراچی کے چھوٹے بڑے اکتالیس نالوں کی صفائی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلی مرادعلی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس صوبے کے افسران کے ڈومیسائل کی تفصیلات مانگنے پر کابینہ ارکان نیب پر ناراض سندھ کابینہ نے نیب کے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط کو خلاف قانون قرار دیدیا سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ نیب کو افسران کے ڈومیسائل سے متعلق معلومات نہیں دی جائےگی جبکہ چیئرمین نیب سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں بارشوں کے پیش نظر کراچی کےاکتالیس چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے سی ایم سندھ نے فوری دھائی پچیس کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

منصوبے پر مجموعی طور پر پانچ سو ملین روپے لاگت آئے گی کابینہ نے کے ایم سی کے میونسپل کمشنر اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی پر مشتمل نگران کمیٹی بھی تشکیل دے دی جوکہ نالوں کی صفائی کے کام کو دیکھے گی اور حکومت کو رپورٹ کرے گی۔

سندھ کابینہ نے بزرگ شہریوں کے لئےقواعد کا مسودہ منظورکرلیا جس کے تحت تین سال کے لئے بزرگ شہریوں کو آزادی کارڈ جاری کیا جائے گا بزرگوں کی بہبود کے لئے اقدامات ہونگے۔

سندھ کابینہ نے آوارہ کتوں کی افزائش روکنے اور ویکسی نیشن کے لئے مسودہ قانون کی منظوری دیدی کابینہ کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات کی زمین لیز ہولڈرز خالی نہیں کررہے نئے مسودہ قانون کے تحت جنگلات کی زمین پرقبضہ کرنے پر سزاوجرمانہ بڑھا کر چودہ سال اور ڈیڑھ لاکھ روپے فی ایکڑ ہوگی۔

سندھ کابینہ نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ذہنی جسمانی جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف قواعد کی منظوری دی ہر اسکول میں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی قائم ہوگی، آن لائن شکایات بھی درج کراسکیں گے۔