Thursday, May 2, 2024

سندھ کابینہ کا اجلاس ، سکھر اورلاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ

سندھ کابینہ کا اجلاس ، سکھر اورلاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ
September 19, 2016
کراچی(92نیوز)صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو  کا کہنا ہے کہ سکھر اور لاڑکانہ میں کچے کے علاقے میں آپریشن  کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سندھ بھر میں کسی کو اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں سندھ سیکریٹریٹ میں ہونے والے سندھ کابینہ  کے اجلاس کے بعد مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  آئی جی سندھ نے شکار پور واقعے اور امن و امان پر مکمل بریفنگ دی ہے۔ جرائم میں واضح  کمی ضرور ہوئی ہے لیکن اب سکھر اور لاڑکانہ میں کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ بھر میں کسی کو اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مولا بخش چانڈیو نے حکومت کو مشورہ دیا کہ نواز حکومت اپوزیشن سے  بات کرے اور عدلیہ کا احترام کرے۔ حکومت تصادم  کا فائدہ حکومت کو نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضع کیا کہ ہم ڈنڈوں ، انڈوں اور بلوں کی سیاست نہیں کرتے۔ مشیراطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ خوش اسلوبی سے طے کرنا چاہتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے جرمانے میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہیلمٹ پہننے کا قانون نافذ کیا گیا ہے جبکہ ون ویلنگ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔