Tuesday, May 7, 2024

سندھ کابینہ نے وزیروں،مشیروں کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی

سندھ کابینہ نے وزیروں،مشیروں کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی
November 10, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) سندھ کابینہ نے وزرا ء ،مشیروں اورمعاونین خصوصی کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری پرپابندی عائد کردی۔  بلٹ پروف اور لگژری  گاڑیوں کے لیے بھی پالیسی منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں  محکمہ صحت کے 3 اداروں کےنام تبدیل کرنے کا مجوزہ ایکٹ بھی منظورکرلیا گیا، پلاسٹک کے استعمال پرپابندی کا اطلاق  مرحلہ وار ہوگا ۔ وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا طویل  اجلاس ہوا جس میں    اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی  ۔ کا بینہ کے اجلاس میں بڑے بڑے فیصلے کئے گئے جن میں  وزیروں ، مشیروں اور معاونین خصوصی کیلئے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ۔  سندھ کابینہ نے 5 بیماراور معمر قیدیوں کی رہائی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ  فیصلہ عدالتی احکامات اور جیل مینوئل کے تناظر میں کیا گیا۔ جبکہ پولیس اختیارات کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ۔ کابینہ نے 15 لاکھ ٹن گندم کی فروخت کی منظوری بھی دی جبکہ  بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں کا استعمال حکومت کی منظوری سےمشروط کر دیا۔ سندھ کابینہ کے  اجلاس میں چلڈرن اسپتال نیو کراچی کی بندش اور فنڈز کا معاملہ بھی زیرغور آیا ، وزیراعلی نے محکمہ خزانہ کو اسپتال کے لیے فنڈز کےاجرا کی ہدایت کی۔