Tuesday, April 23, 2024

سندھ کابینہ اور بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ،شرجیل میمن سے اطلاعات و بلدیات کا قلم دان واپس

سندھ کابینہ اور بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ،شرجیل میمن سے اطلاعات و بلدیات کا قلم دان واپس
July 22, 2015
کراچی(92نیوز)سندھ کابینہ اور بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کر دی گئی ہے ۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے دبئی میں ہونے والے اجلاس کے بعد سندھ کابینہ اور بیوروکریسی میں اہم تبدیلیاں  کردی گئیں، صوبائی وزیر شرجیل میمن سے اطلاعات و بلدیات کے قلم دان بھی واپس لے لیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن الزامات یا چور کی داڑھی میں تنکا،پیپلز پارٹی نےاہم وزارتوں اور عہدوں پراکھاڑ پچھاڑ شروع کردی ہے۔ تبدیلیاں تو ہوئیں مگر یہ کیا، کان ادھر سے پکڑیں یا ادھر سے بات تو ایک ہی ہے،شرجیل انعام میمن سے اطلاعات اور بلدیات کی وزارتیں تو واپس لے لی گئیں،مگرورکس اینڈ سروسز کا قلمدان  سونپ دیا گیا،اسی طرح سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو  سے تعلیم کا قلمدان واپس لے کر انہیں وزیر اطلاعات اوروزیر آبپاشی بنا دیا گیا۔ میر ہزار خان بجارانی سے ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان لے کرتعلیم جیسی اہم وزارت دے دی گئی۔ سکھر سے پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے ناصر حسین شاہ کوبلدیات اور مکیش کمار چاولہ کو  پبلک ہیلتھ انجیئنرنگ  کی وزارت سونپ دی گئی۔ بیورو کریسی میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، اعجاز میمن کو سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز تعینات کیا گیا ہے جبکہ محمد وسیم کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق  فیاض ہڈ کے لیے بھی محکمہ تلاش کیا جا رہا ہے۔