Friday, April 19, 2024

سندھ کابینہ اجلاس ، سندھ ریونیو بورڈ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری

سندھ کابینہ اجلاس ، سندھ ریونیو بورڈ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری
August 10, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ اجلاس ہوا۔ سندھ ریونیو بورڈ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی گئی۔

وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ اجلاس میں اراکین کو ترقیاتی بجٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے اڑتیس ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔ آٹھ ارب روپے خرچ بھی ہو چکے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزرا کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ سندھ کابینہ نے فنانشل مینجمنٹ ریفارم اسٹریٹجی کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کے قانون پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے انتقال کوٹہ کے تحت سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے لئے رولز میں ترامیم کی منظوری دیدی۔

ستمبر دو ہزار دو سے پہلے انتقال کر جانے والے ملازمین کے بچے کوٹہ کے تحت ملازمت کے اہل نہیں ہونگے۔ غیر شادی شدہ ملازم کے انتقال کی صورت میں بھائی یا بہن کو ملازمت دی جائے گی۔ انتقال کر جانے والے ملازمین کی تنخواہ ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک دینے کی تجویز بھی دی گئی۔

کابینہ نے سندھ ریونیو بورڈ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی۔ مشینری، سازوسامان کرائے پر دینے پر جی ایس ٹی کی شرح تیرا فیصد کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

صوبائی کابینہ  نے کے ایم سی  سے  انتیس ایکڑ  سلاٹر ہاؤس  بھینس کالونی  کی زمین واپس لے لی۔ بھینس کالونی  والے سلاٹر  ہائوس کی زمین  پر بی آر ٹی  ریڈ لائن کے لیے بائیو  گیس پلانٹ  لگایا جائے گا۔ سندھ حکومت  نے کے ایم سی  کو نیا سلاٹر ہاؤس  بنانے کی  ہدایت دے دی۔