Sunday, September 8, 2024

سندھ : کئی عشروں سے زیرالتوا مقدمات حل ہونے کی امید جاگ اٹھی

سندھ : کئی عشروں سے زیرالتوا مقدمات حل ہونے کی امید جاگ اٹھی
January 17, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں 100 سے زائد مقدمات 50 برس سے زیرالتوا ہیں۔ چیف جسٹس نے کئی عشروں سے زیرالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دیدیے۔ تفصیلات کے مطابق سکندر فاروقی زمین کے مقدمے میں پچھلے 23برس سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے۔ یہ کیس انیس سو اکہتر میںان کے والد نے دائر کیا۔ پیروی کرتے کرتے اللہ کو پیارے ہو گئے۔ پھر ان کے بھائی نے کیس جاری رکھا۔ آخر کاروہ بھی چل بسے۔ اب سکندر فاروقی بھی ناامید ہو چکے ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں سو سے زائد مقدمات 50 برس سے زیرالتوا ہیں۔ درجنوں سائلین انصاف کے حصول کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے ایسے زیرالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دے دیے ہیں۔ جسٹس فیصل کمال کا بنچ انیس سو چھیاسٹھ سے انیس سو اکیانوے تک کے ساٹھ مقدمات نمٹائے گاجبکہ جسٹس محمود خان کا بنچ انیس سو بیانوے سے انیس سو پچانوے تک کے ستر مقدمات نمٹائے گا۔ زیرالتوا مقدمات میں جائیداد، زمینوں کے تنازعے اور دیگر شامل ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر مقدمات روزانہ کی بنیاد پر چلائے جائیں گے۔