Thursday, May 9, 2024

سندھ، چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل سے 50 فیصد حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ

سندھ، چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل سے 50 فیصد حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ
June 14, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل سے پچاس فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز کل سے پچاس فیصد حاضری کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کورونا کیسز مزید کم ہوئے تو پرائمری کلاسز بھی اکیس جون سے شروع کردی جائینگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں اب دو دن کے بجائے صرف ایک دن اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔ اب جمعے سمیت باقی دنوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید کے لئے کورونا ویکسین لازمی قراردے دی گئی۔ کورونا ویکسنیشن نہ کرانے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لیا۔ متعلقہ شخص کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کوئی کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کرینگے۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ کورونا مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ پانچ فیصد پر آگئی ہے۔ اسپتالوں پر اب کچھ دباؤ کم ہوا ہے۔