Friday, April 26, 2024

سندھ پولیس کے کچھ افسران حکومت کیخلاف سازش کررہے ہیں، امتیاز شیخ

سندھ پولیس کے کچھ افسران حکومت کیخلاف سازش کررہے ہیں، امتیاز شیخ
January 16, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ پولیس کے کچھ افسران حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں، امتیاز شیخ کا کہنا ہے وہ چند روز میں ثبوت فراہم کریں گے۔ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی تعیناتی پر تحفظات کااظہار کیا تھا۔ صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کہتے ہیں کہ شکارپور میں بدامنی کے ذمہ دار ایس ایس پی ہیں، ڈاکٹر رضون پر اغواء برائے تاوان کاالزام ہے، کرپشن کی کہانیاں بھی سامنے آگئی ہیں۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ ایس ایس پی شکارپورکی رپورٹ پر صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے وضاحتی بیان میں کہا کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے معاملہ کو لے کر بغض اور عناد کی بنیاد پر جھوٹی رپورٹ بنائی گئی، رپورٹ کے مندرجات انتہائی جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی شکار پور کی اس رپورٹ پر اعلی عدلیہ سے بھی رجوع کروں گا ، آئی جی سندھ ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ پر وضاحت دیں، رپورٹ کے مندرجات میں جو نام لئے گئے ہیں ان کو نہ جانتا ہوں نہ ہی کبھی ملاقات ہوئی، میرے صاحبزادے فراز شیخ کا نمبر تک غلط درج ہے۔ صوبائی وزیر توانائی بولے کہ تفصیلی جواب ایس ایس پی شکار پور کی رپورٹ پڑھ کر دونگا، پیپلزپارٹی کے کارکنان کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا، ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل کی ایس ایس پی شکارپور سے متعلق رپورٹ ریکارڈ کا حصہ ہے، ڈاکٹر جمیل نے ایس ایس پی شکار پور سے متعلق منفی رپورٹ ارسال کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اعلی پولیس افسران کی رپورٹس میں ڈاکٹررضوان کی نااہلی، جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی، بے گناہوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے جیسے سنگین شواہد موجود ہیں۔ اس سے قبل ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو رپورٹ میں اہم انکشافات کیے، ایس  ایس پی شکارپور نے صوبائی وزیر امتیاز شیخ پر سنگین الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ کہا امتیاز شیخ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں، کرمنلز کی مدد سے سیاسی مخالف شاہ نواز بروہی کے بیٹے کو قتل کرایا، جرائم پیشہ افراد کو ہوٹلز، گیسٹ اور فارم ہاؤس پر پناہ دیتے ہیں۔